منگلورو،3؍جنوری (ایس او نیوز) ہندوؤں کے تین مذہبی مقامات پر رکھے گئے نذرانہ کے صندوقوں سے نقلی نوٹ اور ہندو مذہب کے خلاف ہتک آمیز تحریریں بر آمد ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق جب 31دسمبر کو اتاور علاقے میں واقع ببّو سوامی, اورکوٹّارا کلورتی نامی 3 دئیوستھانوں میں رکھے گئے نذرانے کی ڈبّیاں کھولی گئیں تو ان میں سے کچھ کاغذ بر آمد ہوئے ہیں جن پر ہتک آمیز باتیں لکھی ہوئی ہیں اور کچھ کاغذوں پر دو سو روپے کے نوٹوں کی ایک جانب والا عکس اور کچھ کاغذوں پربیس روپے کا عکس فوٹو کاپی کیا ہوا ہے۔
اس معاملے میں دئیوستھانا سمیتی نے پانڈیشور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے ننتور کے ایک دئیوستھان کے صندوق میں بھی اس طرح کی ایک تحریر برآمد ہوئی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے اور امن وامان کی صورتحال بگاڑنے کے لئے شرپسندوں کی طرف سے یہ حرکتیں کی جارہی ہیں۔